بلال بن ثاقب سے امریکی ناظم الامور کی ملاقات، پاکستان کے ڈیجیٹل اثاثوں کے ریگولیٹری نظام پر گفتگو

فوٹو بشکریہ ریڈیو پاکستان

وزیرمملکت و چیئرمین پیوارا بلال بن ثاقب سے امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر کی ملاقات ہوئی ہے جہاں پاکستان کے ڈیجیٹل اثاثوں کے جدید ریگولیٹری نظام پر گفتگو کی گئی۔ 

پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق بلال بن ثاقب نے نیٹلی بیکر کو پاکستان میں ڈیجیٹل اثاثوں کے شعبے میں پیشرفت پر بریفنگ دی۔ 

اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران جدت، مالیاتی شفافیت اور ڈیجیٹل معیشت کے مستقبل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

اس دوران بلال بن ثاقب کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیجیٹل اثاثوں کے شعبے میں جدید اور مضبوط نظام تشکیل دے رہا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ مالیاتی نظام کا مستقبل مدنظر رکھتے ہوئے ڈیجیٹل معیشت کی بنیاد رکھی جارہی ہے۔

چیئرمین پیوارا کا کہنا تھا کہ جدت اور مالیاتی شفافیت کے ساتھ پاکستان ڈیجیٹل اکانومی میں نئی سمت متعین کر رہا ہے۔