صباحت بخاری کا بیٹی سے 30 سالہ جدائی کا دردناک انکشاف

—فائل فوٹو

پاکستانی شوبز کی معروف اداکارہ صباحت بخاری نے اپنی ذاتی زندگی کے ایک انتہائی تکلیف دہ باب سے پردہ اٹھاتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ مجھے اپنی پہلی اولاد، بیٹی سے تقریباً 30 سال تک جدائی کا درد برداشت کرنا پڑا۔

اداکارہ نے بتایا کہ میری پہلی شادی لاہور میں ہوئی تھی، جس سے میرے گھر ایک بیٹی کی پیدائش ہوئی، تاہم شادی ختم ہونے کے بعد سابق شوہر کے خاندان نے میری شیر خوار بیٹی کو مجھ سے جدا کردیا۔

صباحت بخاری کے مطابق میں نے اپنی بیٹی سے ملاقات اور اسے واپس حاصل کرنے کے لیے قانونی کارروائی بھی کی، لیکن مجھے اپنی بچی سے ملنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

اداکارہ نے بتایا کہ بعد ازاں سابق شوہر کے خاندان نے اپنا گھر تبدیل کرلیا، جس کے باعث میں اپنی بیٹی کا سراغ لگانے میں بھی کامیاب نہ ہوسکی، سابق شوہر نے بیٹی کو یہ بتا رکھا تھا کہ اس کی والدہ انتقال کرچکی ہیں۔

صباحت بخاری نے بتایا کہ تقریباً 30 سال بعد سابق شوہر کے انتقال کے بعد خاندان نے بیٹی کو اس کی حقیقی والدہ کے بارے میں بتایا، بعد ازاں بیٹی نے سوشل میڈیا کے ذریعے مجھ سے رابطہ کیا اور یوں ہم دونوں کی برسوں بعد دوبارہ ملاقات اور رابطہ ممکن ہوا۔