احسن آباد کے فلیٹ سے میاں بیوی اور 3 بچوں کی لاشیں برآمد

—فائل فوٹو

کراچی کے علاقے سائٹ احسن آباد میں ایک فلیٹ سے 5 افراد کی لاشیں ملی ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق فلیٹ سے ملنے والی لاشیں میاں بیوی اور ان کے 3 بچوں کی ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پانچوں لاشیں کئی روز پرانی ہیں، واقعے کی مزید اور  مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔

ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ کا کہنا ہے کہ عمارت کی ساتویں منزل پر فلیٹ کے ایک کمرے سے لاشیں ملی ہیں، فلیٹ کے دروازے اندر سے بند تھے، مرنے والا شخص ڈاکٹر اور گھر کا کفیل تھا۔

انہوں نے کہا ہے کہ لاشوں کو قانونی کارروائی کے بعد عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا، پوسٹ مارٹم کے بعد ہی موت کی اصل وجہ سامنے آئے گی، ممکنہ طور پر مرنے والے افراد نے خودکشی کی ہے۔

 وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار نے واقعہ پر ایس ایس پی ایسٹ سے تفصیلات طلب کرلیں۔

وزیر داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ ایس ایس پی ایسٹ ابتدائی پولیس کارروائی اور ایکشن سے فوری آگاہ کریں، واقعے کی تفتیش و تحقیق سے حتمی نتائج سامنے لائے جائیں، ایس ایس پی ایسٹ اپنی نگرانی میں واقعہ کی تفتیش کو مؤثر اور مربوط بنائیں۔