امریکی ناکا بندی کے باوجود تیل کی فروخت 2 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، ایران

فوٹو: فائل

ایران نے دعویٰ  کیا ہے کہ امریکی ناکا بندی کے باوجود ایرانی تیل کی فروخت 2 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

تہران سے جاری ایرانی محکمہ منصوبہ بندی و بجٹ کی رپورٹ کے مطابق ستمبر میں ایرانی تیل کی فروخت 3 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔

رپورٹ میں یہ نہیں بتایا گیا کہ ناکہ بندی کے باوجود ایران کس طرح تیل کی برآمدات جاری رکھے ہوئے ہے۔

دوسری جانب امریکی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے ہونے والی تجارت کا حجم گزشتہ چھ ماہ کی بلند ترین سطح پر آگیا ہے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ سینٹکام نے کہا کہ پچھلے دو ہفتوں کے دوران آبنائے ہرمز سے گزرنے والے خام تیل، کارگو اور مائع قدرتی گیس کے حجم میں اضافہ ہوا ہے۔

کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر نے کہا کہ امریکی فوج نے دو ماہ کے دوران آبنائے ہرمز سے ایک ارب بیرل سے زائد تیل کی نقل و حمل میں معاونت فراہم کی ہے۔