ارب پتی شخصیات ہمیشہ زندہ رہنے کی ناکام کوشش کر رہی ہیں: ماہرِ طبیعیات کا دعویٰ

جم الخلیلی—فائل فوٹو 

برطانوی ماہرِ طبیعیات (فزِسٹ) جم الخلیلی نے ارب پتی شخصیات کی ہمیشہ زندہ رہنے کی کوششوں پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ انسان کو لامحدود زندگی کے بجائے اپنے محدود وقت کو بہتر انداز میں گزارنے پر توجہ دینی چاہیے۔

جم الخلیلی کا کہنا ہے کہ طبیعیات نے وقت کے بارے میں انسانی عام فہم تصور کو بدل دیا ہے، آئن اسٹائن کے نظریات کے مطابق وقت کی رفتار ہر شخص کے لیے یکساں نہیں بلکہ رفتار اور کششِ ثقل کے اثر سے اس میں فرق پڑ سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ انتہائی تیز رفتاری سے سفر کرنے والے شخص کے لیے ایک سیکنڈ، دوسرے شخص کے مقابلے میں مختلف دورانیے کا ہو سکتا ہے جبکہ طاقت ور کششِ ثقل بھی وقت کے گزرنے کی رفتار کو تبدیل کرتی ہے۔

ماہر طبیعیات نے بتایا کہ ماضی کی جانب سفر کرنا ریاضیاتی طور پر بعض مخصوص حالات میں ممکن ہے تاہم اس سے کئی پیچیدہ تضادات پیدا ہو سکتے ہیں، اس کے برعکس مستقبل میں سفر کرنا نظریاتی طور پر نسبتاً آسان ہے جو روشنی کی رفتار سے قریب ترین رفتار (اسپیڈ) یا انتہائی طاقت ور کششِ ثقل کے قریب موجودگی سے ممکن ہو سکتا ہے۔

جم الخلیلی نے انکشاف کیا ہے کہ میں وقت کے ایک بڑے معمے یعنی کہ وقت کے صرف ایک سمت میں گزرنے پر بھی بات کروں گا، میں نے وقت کی اس سمت کی سائنسی وضاحت تلاش کر لی ہے جسے میں رائل انسٹی ٹیوشن کے کرسمس لیکچرز میں پیش کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں۔