پورے ملک میں بجلی بند ہو گئی

— فائل فوٹو

جمعے کے روز کیوبا میں بجلی کا نظام مکمل طور پر درہم برہم ہو گیا، یہ رواں سال کا ملکی سطح پر 7 واں بلیک آؤٹ تھا۔

امریکی سفارت خانے کے مطابق کیوبا میں بجلی کا نظام درہم برہم ہونے کی وجہ سے بلیک آؤٹ ہوا۔

امریکی سفارت خانے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کیوبا میں موجود امریکی شہری اور جو لوگ وہاں جانے کا ارادہ رکھتے ہیں انہیں  صورتِ حال سے آگاہ رہنا چاہیے اور اسی کے مطابق منصوبہ بندی کرنی چاہیے، وہاں موبائل فون اور انٹرنیٹ کی بندش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

امریکی سفارت خانے کے مطابق کیوبا میں بجلی کا نظام (گرڈ) مسلسل غیر مستحکم ہوتا جا رہا ہے جس کے باعث گزشتہ چند مہینوں کے دوران ملک بھر میں بجلی کی متعدد بار بندش کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

امریکی سفارت خانے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کیوبا میں روزانہ کی بنیاد پر طے شدہ لوڈشیڈنگ کے علاوہ غیر اعلانیہ بجلی کی بندش بھی جاری ہے جبکہ حالیہ دنوں میں ان بندشوں کا دورانیہ اور تعداد بڑھ گئی ہے۔

کیوبا کے سرکاری میڈیا کے مطابق نظام کے درہم برہم ہونے کی وجہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، بجلی کی بحالی کے لیے کوئی حتمی وقت نہیں بتایا گیا۔

کیوبا کی وزارتِ توانائی نے بھی سوشل میڈیا پر بجلی کی بندش کے بارے میں پوسٹ کی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق کیوبا میں بجلی کا نظام ایندھن کی قلت اور امریکا کی جانب سے عائد کردہ تیل کی ناکہ بندی اور خستہ حال بنیادی انفرااسٹرکچر کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہے۔