پی ٹی آئی کے پرامن رہنے کی ضمانت کون دے گا؟ عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے استفسار کیا ہے کہ پی ٹی آئی والے پرامن رہیں گے، اس بات کی ضمانت کون دے گا؟

جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کے دوران عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی تاریخ رہی ہے یہ ہمیشہ پرتشدد احتجاج کرتے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری املاک پر حملے، توڑ پھوڑ کرنا، تشدد، ہراساں کرنا پی ٹی آئی کی تاریخ ہے، کبھی بھی ان کا احتجاج پرامن نہیں رہا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ عدالتی حکم کے مطابق کوئی اکائی دوسری اکائی یا وفاق کے خلاف ایسی مارچ نہیں کرسکتا جو غیر قانونی ہو۔

اُن کا کہنا تھا کہ اس بات کی ضمانت کون دے گا کہ پی ٹی آئی والے پرامن رہیں گے؟ اچھا ہوتا کہ پی ٹی آئی ہمارے ساتھ کارکردگی میں مقابلہ کرتے۔

عطا تارڑ نے یہ بھی کہا کہ آج کوہاٹ میں واقعہ ہوا، امن و امان کی بنیادی ذمے داری صوبائی حکومت کی ہے، قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کا مقابلہ کررہے ہیں اور یہ جھتے لے کر احتجاج کےلیے نکلے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا ہوتا تو ایک سیکنڈ ضائع کیے بغیر امن و امان پر اجلاس بلاتا، میں وزیراعلیٰ ہوتا تو آج کوہاٹ کے شہدا کے گھر جاتا، یتیم بچوں کے سر پر ہاتھ رکھتا۔