قالیباف کا ایران پر امریکی پابندیوں کی قرارداد ویٹو کرنے پر چین و روس کا خیر مقدم

محمد باقر قالیباف — فائل فوٹو

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے ایران پر امریکی پابندیوں سے متعلق قرارداد ویٹو کرنے پر چینی اور روسی اقدام کا خیر مقدم کیا ہے۔

باقر قالیباف نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا ہے کہ دونوں ممالک کے ویٹو نے سلامتی کونسل کے سیاسی استعمال کو مسترد کر دیا اور قانون کی حکمرانی کی دوبارہ توثیق کی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ یک قطبی نظام جس میں ایک فریق طاقت اور دباؤ کے ذریعے دوسرے فریق سے رعایتیں حاصل کرتا ہے، ختم ہو چکا ہے۔

ایرانی پارلیمانی اسپیکر نے کثیرالجہتی نظام کے دفاع پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ یک طرفہ پسندیدگی کسی کے مفاد میں نہیں۔

واضح رہے کہ امریکا کی جانب سے ایران پر ایک بار پھر پابندیاں عائد کی گئی ہیں، اس حوالے سے اقوامِ متحدہ میں پیش کی گئی قرار داد کو چین اور روس نے ویٹو کر دیا۔

قرارداد میں ماہرین کے آزاد پینل کی بحالی شامل تھی، جس کا کام خلاف ورزیوں کی نگرانی کرنا، 15 رکنی سلامتی کونسل کو رپورٹ دینا اور مزید کارروائی کی سفارش کرنا تھا۔