بارود سے بھری گاڑی پولیس لائن کے گیٹ سے ٹکرا کر دھماکا، 16 افراد شہید

—تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

کوہاٹ میں پولیس لائن کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 16 افراد شہید اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے، زخمیوں میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

سینٹرل پولیس آفس کے مطابق دھماکے میں 5 پولیس اہلکار اور 11 شہری شہید ہوئے جبکہ 1 دہشتگرد کو مقابلے میں جہنم واصل کر دیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا نمازِ جمعہ کے دوران ہوا جس سے مسجد کے باہر گڑھا پڑ گیا، دھماکے سے مسجد کا بیرونی حصہ شدید متاثر ہوا اور دیوار بھی گر گئی۔

دھماکے سے قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

آئی جی خیبر پختون خوا ذوالفقار حمید نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بارود سے بھری گاڑی پرانی پولیس لائن کے گیٹ سے ٹکرائی گئی جس کے بعد دھماکا ہوا اور فائرنگ بھی ہوئی۔

پولیس کے مطابق زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا ہے، کوہاٹ ہنگو روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

دھماکے کے بعد ڈی ایچ کیو اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جہاں  15 لاشیں اور 50 سے زائد زخمیوں کو لایا گیا ہے۔

پولیس لائن کے قریب مزید نفری بھی پہنچ گئی ہے۔