صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
ایک بیان میں صدرِ مملکت نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران شہید ہونے والے بہادر جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء کی عظیم قربانیاں قوم کے عزم اور حوصلے کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
انہوں نے شہید جوانوں کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے بہادر سپوت وطن کے دفاع اور امن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔
دوسری جانب وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ہنگو اور شمالی وزیرستان میں 10 خوارج ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہونے والے 6 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دفاع، امن و سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ دینے والے ہمارے بہادر سپوت پوری قوم کے ہیرو ہیں، شہداء کی عظیم قربانیاں قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور ان کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا۔
وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔