دلجیت دوسانجھ ویمبلے اسٹیڈیم میں پرفارم کرنیوالے پہلے پنجابی فنکار بن گئے

—فائل فوٹو

پنجابی سپر اسٹار دلجیت دوسانجھ نے اپنے کیریئر میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا۔ 

 انہوں نے لندن کے معروف ویمبلے اسٹیڈیم میں مرکزی فنکار کی حیثیت سے پرفارم کیا اور پہلے پنجابی فنکار بن گئے۔

 کنسرٹ کے دوران دلجیت دوسانجھ نے اعلان کیا کہ وہ 21 نومبر 2026ء کو بھارت کے شہر احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں بھی پرفارم کریں گے۔

یہ اعلان ان کے ’آورا ورلڈ ٹور‘ کے دوران سامنے آیا، جو اس وقت برطانیہ اور یورپ کے مختلف شہروں میں جاری ہے، برطانیہ میں ان کے دورے کا اختتام 18 ستمبر کو برمنگھم اور 20 ستمبر کو مانچسٹر میں ہونے والے کنسرٹس سے ہو گا۔

دلجیت دوسانجھ حال ہی میں شمالی امریکا کا کامیاب دورہ بھی مکمل کر چکے ہیں، جس میں نیویارک کے میڈیسن اسکوائر گارڈن میں 2 ہاؤس فل کنسرٹس بھی شامل تھے، وہ اس معروف مقام پر مرکزی حیثیت سے پرفارم کرنے والے پہلے پنجابی فنکار بھی بنے، ان کے 15 شوز پر مشتمل دورے کے دوران 2 لاکھ 25 ہزار سے زائد ٹکٹ فروخت ہوئے، جبکہ اس سے 3 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز سے زیادہ آمدنی ہوئی۔

دلجیت دوسانجھ اپنے کیریئر میں کئی اہم اعزازات حاصل کر چکے ہیں، 2023ء میں وہ کوچیلا میوزک فیسٹیول میں مرکزی حیثیت سے پرفارم کرنے والے پہلے پنجابی فنکار بنے، جبکہ 2024ء میں وہ ’دی ٹونائٹ شو اسٹارنگ جمی فیلن‘ میں پرفارم کرنے والے پہلے بھارتی فنکار کا اعزاز بھی حاصل کر چکے ہیں۔

اپنی عالمی کامیابیوں کے ذریعے دلجیت دوسانجھ پنجابی موسیقی اور ثقافت کو دنیا بھر کے ناظرین اور شائقین تک پہنچانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔