میں ماضی میں نہیں جیتا، ہمیشہ نیا خواب میرا منتظر ہوتا ہے: ٹام کروز

ہالی ووڈ کے معروف اداکار ٹام کروز نے اپنے کئی دہائیوں پر محیط فلمی کیریئر، کامیابی اور مستقبل کے خوابوں کے بارے میں گفتگو کی ہے۔

64 سالہ ٹام کروز دنیا کے معروف اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں اور اپنی فلموں میں خطرناک ایکشن اور اسٹنٹس خود کرنے کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں۔

ایک انٹرویو دیتے ہوئے ٹام کروز نے کہا ہے کہ ہالی ووڈ میں مسلسل کامیابیاں حاصل کرنے کے باوجود میں ہمیشہ ایک نئے ’خواب‘ کے تعاقب میں رہتا ہوں۔

اداکار کا کہنا ہے کہ زندگی میری جانب بڑھ رہی ہے اور میں بھی بھرپور انداز میں زندگی کا سامنا کر رہا ہوں، میں آدھے دل سے زندگی گزارنے والا انسان نہیں اور نہ ہی کبھی یہ سوچنا چاہتا ہوں کہ میں نے اپنی زندگی کی بلند ترین سطح حاصل کرلی ہے، کیونکہ ہمیشہ ایک نیا خواب موجود ہوتا ہے۔

ٹام کروز نے کہا ہے کہ 64 سال کی عمر کے باوجود مجھے محسوس ہوتا ہے کہ زندگی میں ابھی بہت کچھ باقی ہے اور ہمیشہ کوئی نہ کوئی نیا خواب سامنے آتا رہتا ہے، جس شخص کے پاس کوئی خواب نہیں ہوتا، وہ دراصل جینے کا فیصلہ ترک کر چکا ہوتا ہے۔

اداکار نے زندگی کے بارے میں اپنے نقطۂ نظر پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اسے عام لوگوں سے مختلف انداز میں دیکھتے ہیں اور ان کے لیے زندگی دراصل کہانیوں کا مجموعہ ہے۔

’مشن: امپاسیبل‘ کے اداکار نے کہا ہے کہ میں تاریخ سے سیکھنے کی کوشش کرتا ہوں، تاہم ماضی میں جینا نہیں چاہتا۔

ٹام کروز نے کہا ہے کہ میں ماضی میں نہیں اٹکا ہوا، کامیابی حاصل کر کے کچھ تخلیق کرنے میں خوشی ملتی ہے، لیکن اس کے بعد ہمیشہ ایک نیا خواب میرا منتظر ہوتا ہے۔