میکل مور کا ایڈ شیرن کے ٹور کی آمدنی فلسطینیوں کیلئے عطیہ کرنے کا اعلان

میکل مور—فائل فوٹو 

مشہور امریکی ریپر میکل مور نے برطانوی گلوگار ایڈ شیرن کے ’لوپ ٹور‘ سے حاصل ہونے والی 10 لاکھ ڈالرز کی آمدنی کو فلسطینی شہریوں کی مدد کرنے والی تنظیموں کو عطیہ کرنے کا اعلان کر دیا۔

میکل مور نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اس حوالے سے ایک تفصیلی پوسٹ شیئر کی ہے۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ یہ رقم فلسطینی عوام کی مدد کے لیے کام کرنے والی 6 تنظیموں میں تقسیم کی جائے گی، جن میں فلسطین چلڈرنز ریلیف فنڈ، ہیل فلسطین، غزہ سوپ کچن، میڈیکل ایڈ فار پیلسٹینیئنز، انروا یو ایس اے اور اینیرا شامل ہیں۔

امریکی ریپر نے اپنی پوسٹ میں نیو انگلینڈ پیٹریاٹس کے مالک رابرٹ کرافٹ کو بھی اپنی عطیہ کردہ رقم کے برابر رقم عطیہ کرنے کا چیلنج دیا ہے۔

انہوں نے رابرٹ کرافٹ سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا ہے کہ اختلافات اپنی جگہ، لیکن فلسطینی شہریوں کے تحفظ کے معاملے پر اتفاق کیا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ میکل مور نے 4 ستمبر کو نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں پرفارمنس کے دوران فلسطینیوں کے حق میں نعرے لگائے تھے جس کے بعد انہیں ایڈ شیرن کے بقیہ ٹور سے نکال دیا گیا تھا۔

بعد ازاں اس حوالے سے ایڈ شیرن نے اپنے بیان میں واضح کیا تھا کہ میکل مور کو ٹور سے نکالنے کا فیصلہ میرا نہیں بلکہ ٹور کے منتظم کا تھا۔