سابق امریکی صدر باراک اوباما کا پالتو کتا ’سنی‘ چل بسا

—تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

سابق امریکی صدر باراک اوباما کا پالتو کتا ’سنی‘ 13 سال کی عمر میں چل بسا۔

باراک اوباما نے انسٹاگرام پر سنی کی متعدد تصاویر شیئر کرتے ہوئے اس کی یادیں تازہ کیں اور اس کی موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اوباما نے پرتگیزی واٹر ڈاگ نسل سے تعلق رکھنے والے سنی کو ’قدرت کی ایک طاقت‘ قرار دیا ہے، جو ان کی دونوں بیٹیوں کے ساتھ وقت گزارتا اور وائٹ ہاؤس کے ساؤتھ لان میں دوڑنا پسند کرتا تھا۔

انہوں نے لکھا ہے کہ سنی اپنی نیند کے دوران بیٹیوں کے تنگ کرنے کے باوجود ان سے محبت کرتا تھا، وہ خاندان کے ہر فرد کے ساتھ بھی رہتا اور اکثر ان کے کام میں ان کا ساتھ دیتا تھا۔

سابق صدر نے سنی اور خاندان کے پہلے پالتو کتے بو کے درمیان تعلق کا بھی ذکر کیا۔

باراک اوباما نے سنی کی کچھ دلچسپ عادات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کتوں کے مقابلے میں انسانوں کی صحبت زیادہ پسند کرتا تھا، پانی پیتے وقت خاصی شور کرتا تھا اور پرتگیزی واٹر ڈاگ ہونے کے باوجود گیلا ہونا اسے بالکل پسند نہیں تھا۔

اوباما نے بتایا ہے کہ میرے خاندان کے لیے سنی تقریباً ہر لحاظ سے بہترین تھا اور 13 سال تک ہمیشہ ہمارے ساتھ رہا، وفادار، محبت کرنے والا اور مہم جوئی کے لیے تیار رہا، جبکہ زندگی کے آخری دنوں تک اس کی شوخی اور خوبصورتی برقرار رہی۔

سابق امریکی صدر نے یہ بھی کہا ہے کہ خاندان سنی کو بہت یاد کرے گا۔