کراچی ایئرپورٹ کے قریب ملزمان کی فائرنگ، ایک پولیس اہلکار شہید، دوسرا زخمی

علامتی تصویر۔

کراچی ایئرپورٹ کے قریب ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔

ایئرپورٹ کے قریب کالونی گیٹ پر مشکوک رکشا دیکھ کر پولیس اہلکار چیکنگ کیلیے گئے تو رکشے میں سوار افراد نے فائرنگ کردی جس سے ایک اہلکار شہید جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔ ملزمان شہید اہلکار کا سرکاری اسلحہ بھی لے کر فرار ہوگئے۔ 

پولیس حکام کے مطابق فرار ملزمان کو گلشن اقبال موتی محل کے قریب گلشن پولیس نے روکا تو انھوں نے دوبارہ فائرنگ کردی جس سے ایک اہلکار ٹانگ پر گولی لگنے سے زخمی ہوگیا لیکن اس نے زخمی حالت میں بھی اپنے ساتھی اہلکار کے ہمراہ ملزمان کا تعاقب جاری رکھا۔ 

اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم بھی زخمی ہوا۔ دونوں ملزمان کو جوہرآباد کے علاقے میں پکڑ کر سرکاری اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔ 

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہید اہلکار قائد آباد کا رہائشی، دو بچوں کا باپ اور اس کا آبائی تعلق اٹک سے تھا۔ 

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی جیو نیوز کو موصول ہوگئی جس میں ملزمان کو فائرنگ کرتے ہوئے اور اسلحہ لے جاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ 

وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار اور آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ملزمان کی گرفتاری پر پولیس کو شاباش دی ہے۔