چاقو کی نوک پر بس ہائی جیک، پولیس نے تعاقب کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا

مانچسٹر: چاقو کی نوک پر بس کو ہائی جیک کرنیوالے مسلح شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

برطانوی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق ایک چاقو بردار شخص نے بس میں سوار ہو کر تمام مسافروں کو زبردستی بس سے نکال دیا جبکہ ڈرائیور کو چاقو کی نوک پر رکھ کر بس کو ہائی جیک کرلیا۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں ایک ٹرانسلنک گولڈ لائنر کوچ کو رہائشی گلیوں میں تیز رفتاری سے چلاتے ہوئے دکھایا گیا ہے جبکہ گشت پر مامور پولیس سروس آف ناردرن آئرلینڈ کی کار اس کا تعاقب کر رہی ہے۔

پولیس کے مطابق بس کو ہائی جیک کرنیوالے شخص کا تقریباً 20 میل تک تعاقب کیا گیا۔ 

ترجمان کے مطابق ہیڈ آف ٹاؤن علاقے میں بس کو روکا گیا جس سے 30 سال کے ایک شخص کو اتار کر حراست میں لے لیا گیا۔

شمالی آئرلینڈ ایمبولینس سروس حکام نے انکشاف کیا کہ دو افراد کو علاج کے لیے ساؤتھ ویسٹ ایکیوٹ اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس کی گاڑی سمیت چوری شدہ بس اور دیگر گاڑیوں کے تصادم اور املاک کو نقصان پہنچانے کی متعدد اطلاعات پولیس کو موصول ہوئیں جس پر تحقیقات جاری ہیں۔