مانچسٹر: میٹروپولیٹن پولیس نے ویسٹ منسٹر میں ای بائیک اور موپیڈ استعمال کرنے والے بڑے چوروں کے خلاف ایک موثر کریک ڈاؤن کے دوران 187 افراد کو حراست میں لے کر 157 گاڑیاں ضبط کر لیں۔
گرفتاریاں خطرناک ہتھیار رکھنے، منشیات سے متعلقہ جرائم، ڈکیتی اور چوری سمیت دیگر مختلف جرائم میں ملوث ہونے کے شبہ میں کی گئی ہیں۔
میٹروپولیٹن پولیس کی طرف سے کہا گیا ہے کہ سادہ لباس اور وردی میں ملبوس افسران نے ہاٹ اسپاٹ علاقوں میں گشت کیا اور فروری سے جولائی کے دوران موثر کاروائیاں عمل میں لائیں گئیں۔
آپریشن کی قیادت کرنے والے ڈیٹ سپرنٹ گیرتھ گلبرٹ نے کہا کہ افسران مجرموں سے ایک قدم آگے رہتے ہیں جو چوری کرنے کے لیے ہائی پاور بائیک یا موپیڈ استعمال کرتے ہیں۔
بتایا جارہا ہے کہ واٹر لو اور لندن برج سمیت ساؤتھ وارک اور لیمبتھ کے اہم ٹرانسپورٹ اور سیاحتی مراکز میں آپریشن کے دوران ای بائیک سے متعلق جرائم میں 22 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔
میٹ کی جانب سے جاری کردہ فوٹیج میں افسران کو مشتبہ افراد کا تعاقب کرنے کے لیے ہائی پاور سوررون الیکٹرک موٹر بائیکس کا استعمال کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ مشتبہ افراد پولیس سے بچنے کی کوشش کر رہے تھے۔
فورس نے حال ہی میں ان بائیکس کے اپنے بیڑے کو پانچ سے بڑھا کر 25 کر دیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سیکڑوں گرفتاریاں کرکے ہم لندن کو رہنے، کام کرنے اور دیکھنے کے لیے ایک محفوظ جگہ بنا رہے ہیں گزشتہ سال کے دوران جرائم میں 14 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔