طاہر اشرفی کا مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کیخلاف یوم مذمت منانے کا اعلان

چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ ارض حرمین شریفین پوری امت مسلمہ کی ریڈ لائن ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں طاہر اشرفی نے کہا کہ مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی کوششوں کے خلاف آئندہ جمعۃ المبارک ’’یومِ مذمت‘‘ کے طور پر منایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یوم مذمت مقدس مقامات پر حوثی باغیوں، ان کے حلیفوں کے حملوں کے خلاف ملک بھر میں منایا جائے گا، تمام مکاتبِ فکر کے علما خطباتِ جمعہ میں ان حملوں کی مذمت کریں۔

چیئرمین پاکستان علماء کونسل نے مزید کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ مسلمانوں کے ایمان و عقیدے کا مرکز ہیں، ارضِ حرمین شریفین پوری امتِ مسلمہ کے لیے ریڈ لائن ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2 ارب مسلمان سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، حرمین شریفین کی حرمت، سلامتی اور تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔