بادشاہ نے جذباتی طور پر دھوکا دیا، مجھے استعمال کیا گیا، ایشا ریکھی

تصویر سوشل میڈیا۔

بھارتی پنجابی فلموں کی اداکارہ اور ماڈل ایشا ریکھی کا کہنا ہے کہ انہیں ریلیشن شپ میں استعمال کیا گیا۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے سابق شوہر بادشاہ نے انہیں جذباتی اور جسمانی طور پر دھوکا دیا۔

بگ باس 20 میں گفتگو کے دوران ایشا ریکھی نے اپنے تعلقات میں دھوکا دیے جانے کے احساس کے بارے میں کھل کر بات کی اور اپنے ماضی کے تلخ رشتوں کا تذکرہ کیا۔ 

اس سے قبل 33 سالہ ایشا ریکھی اپنی نجی زندگی کے حوالے سے اس وقت خبروں میں آئیں جب انہوں نے بادشاہ کے ساتھ شادی کے صرف پانچ ماہ بعد علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔ اب انھوں نے بالآخر اپنی علیحدگی کی وجہ کے بارے میں کھل کر بات کی ہے۔

بگ باس کی حالیہ قسط میں ایشا کو کنیکا مان کے ساتھ ایک ریلیشن شپ میں دھوکے کے بارے میں بات کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ انہوں نے براہِ راست بادشاہ سے اپنی علیحدگی کا ذکر تو نہیں کیا، لیکن اشاروں اور کنایوں میں اس بارے میں بات کی۔ 

انکا کہنا تھا کہ اگر کوئی دوسرا شخص آ کر مجھے بتائے کہ کنیکا ایسی ہے یا ویسی ہے، تو میں اس وقت تک اس کی بات پر یقین نہیں کروں گی جب تک میں خود اپنی آنکھوں سے نہ دیکھ لوں۔ میں رشتے میں بھی بالکل ایسی ہی ہوں۔ اگر کوئی میرے پاس آ کر کچھ بتائے تو میں کہتی ہوں کہ مجھے ثبوت دو، ورنہ مجھے پریشان مت کرو۔ 

لیکن جب یہ رشتہ ختم ہوا تو مجھے معلوم ہوا کہ یہاں تو میرے ساتھ ہی دھوکا ہوگیا۔ جب کنیکا نے ایشا سے پوچھا کہ کیا انہیں جسمانی یا جذباتی طور پر دھوکا دیا گیا تھا، تو ایشا نے کہا مجھے ہر طرح سے دھوکا دیا گیا۔ وہ جو درمیان میں لٹکے رہنے والی صورتحال ہوتی ہے اس میں پھنس جانا بہت پریشان کن ہوتا ہے۔ 

یاد رہے کہ بادشاہ اور ایشا نے اپنے تعلقات کو زیادہ تر نجی رکھا تھا اور اپنی شادی کے معاملے میں بھی انہوں نے یہی طرز عمل اختیار کیا۔ مارچ 2026 میں ان کی شادی کی خبریں اس وقت سامنے آئیں جب ایشا کی والدہ پونم ریکھی نے انسٹاگرام پر جوڑے کی ایک نجی تقریب کی تصاویر شیئر کیں۔ 

شادی سے قبل دونوں تقریباً چار سال تک ایک دوسرے کے ساتھ رومانوی رشتے میں رہے۔

جون 2026 میں انسٹاگرام پر سوال جواب سیشن کے دوران ایشا نے تصدیق کی کہ انہوں نے بادشاہ سے شادی کر لی ہے۔ اپنے تعلق اور شادی کی تصدیق کے باوجود دونوں نے اپنی نجی زندگی کو منظر عام پر لانے سے گریز کیا اور شاذ و نادر ہی اپنی زندگی کے بارے میں عوامی سطح پر بات کی۔

بعد ازاں ستمبر میں دونوں نے ایک مشترکہ بیان کے ذریعے اپنی علیحدگی کا اعلان کیا اور کہا ہم دونوں نے باہمی رضامندی سے اپنی راہیں جدا کرنے اور اپنی اپنی زندگیوں میں آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے۔