کیا سیلینا گومز نے کاسمیٹک سرجری کروالی؟

—تصاویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

امریکی گلوکارہ اور اداکارہ سیلینا گومز  نے 15 ستمبر 2026ء کو ہونے والی ایمیز ایوارڈز کی تقریب میں سنہری رنگ کا خوبصورت لباس پہن کر شرکت کی، تاہم تقریب سے زیادہ ان کی بدلی ہوئی شکل اور ریڈ کارپٹ پر انداز نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کر لی۔

سیلینا گومز کی نئی تصاویر سامنے آنے کے بعد بعض صارفین نے ان کی شکل میں تبدیلی محسوس کرتے ہوئے قیاس آرائیاں شروع کر دیں کہ شاید انہوں نے کوئی کاسمیٹک سرجری کروائی ہے۔

کچھ صارفین نے انہیں ’ناقابلِ شناخت‘ قرار دیا جبکہ بعض نے یہ تک دعویٰ کیا کہ انہیں کسی اور شخص یا کلون سے تبدیل کر دیا گیا ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں جب سیلینا گومز کو اپنی شکل کے باعث اس طرح کی قیاس آرائیوں کا سامنا کرنا پڑا ہو۔

 اس سے قبل بھی ان کی شکل میں تبدیلی کو لے کر پلاسٹک سرجری اور یہاں تک کہ ’کلون‘ سے متعلق افواہیں سامنے آتی رہی ہیں۔

سیلینا نے اپریل 2026ء میں ایک مزاحیہ ویڈیو کے ذریعے ’کلون‘ سے متعلق ان افواہوں کا دلچسپ انداز میں جواب دیا تھا۔ 

اداکارہ کو 2017ء میں گردے کی پیوند کاری کے بعد بھی ایسی افواہوں کا سامنا رہا تھا، جب بعض سوشل میڈیا صارفین نے ان کی آواز، شکل اور رویے میں تبدیلی محسوس کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

سیلینا ماضی میں کاسمیٹک طریقۂ علاج سے متعلق سوال کا بھی جواب دے چکی ہیں۔ 

ایک انسٹاگرام صارف نے انہیں ٹیگ کرتے ہوئے ان سے گالوں میں لگائے گئے مبینہ فلرز یا امپلانٹس ختم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

اس کے جواب میں سیلینا نے مزاحیہ انداز میں کہا تھا کہ میں نے بوٹوکس کروایا ہے۔

گلوکارہ نے مزید وضاحت کرتے ہوئے بتایا تھا کہ لوپس کی وجہ سے میرے جسم میں اکثر پانی جمع ہو جاتا ہے، جس کے باعث وزن اور شکل میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے۔