اہلیہ کو تقریبات میں وقت پر پہنچانے کیلئے دلچسپ طریقہ اختیار کرتا ہوں: امیتابھ بچن

—فائل فوٹو

بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے انکشاف کیا ہے کہ اہلیہ جیا بچن کو تقریبات میں وقت پر پہنچانے کے لیے ایک دلچسپ طریقہ اختیار کرتا ہوں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کی آنے والی قسط میں ایک امیدوار نے امیتابھ بچن سے پوچھا کہ کیا آپ کو کبھی جیا بچن کے تیار ہونے کا انتظار کرنا پڑا؟

83 سالہ اداکار نے سوال کو دلچسپ قرار دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اگر کسی شادی میں شام 6 بجے بارات آنی ہو تو میں جیا کو بتاتا ہوں کہ بارات 5 بجے آئے گی۔

امیتابھ بچن نے بتایا ہے کہ اس طرح جیا بچن ساڑھے 3 یا 4 بجے سے ہی تیار ہونا شروع ہو جاتی ہیں اور ہم دونوں وقت پر تقریب میں پہنچ جاتے ہیں۔

اداکار نے بتایا ہے کہ اگر مجھے کسی تقریب میں جانا ہو تو میں جیا کو اصل وقت سے تقریباً 1 گھنٹہ پہلے کا وقت بتا دیتا ہوں تاکہ وہ بروقت تیار ہو جائیں۔

یہ پہلا موقع نہیں جب امیتابھ بچن نے پروگرام میں اپنی اہلیہ جیا بچن کے حوالے سے گفتگو کی ہو۔

ایک سابق قسط میں جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا جیا بچن ان کے دیر سے گھر آنے پر ناراض ہوتی ہیں، تو انہوں نے بتایا تھا کہ اگر شوٹنگ دیر تک جاری رہنے والی ہو تو میں پہلے ہی گھر والوں کو آگاہ کر دیتا ہوں۔

امیتابھ کے مطابق میں فیملی گروپ میں پیغام بھیج کر بتا دیتا ہوں کہ مجھے دیر ہو گی اور گھر والے کھانے کے لیے میرا انتظار نہ کریں، ایسے دنوں میں جیا میرا انتظار کیے بغیر کھانا کھا کر سو جاتی ہیں، تاہم اگر اطلاع دینا بھول جاؤں تو جیا بچن مجھ سے ضرور پوچھتی ہیں کہ میں کہاں تھا اور میں نے پہلے کیوں نہیں بتایا؟

واضح رہے کہ امیتابھ بچن اور جیا بچن کی پہلی ملاقات 1971ء میں فلم ’گڈی‘ کی شوٹنگ کے دوران ہوئی تھی، جس کے 2 سال بعد 1973ء میں دونوں نے شادی کر لی تھی۔