خطے کے ممالک کی اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کی حمایت کرتے ہیں، چین

چین کے وزیرِ دفاع ڈونگ جن نے کہا کہ چین بیرونی مداخلت کے بغیر خطے کے ممالک کی اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کی حمایت کرتا ہے۔ 

ڈونگ جن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ چینی فوج علاقائی استحکام کے تحفظ کے لیے تمام فریقین کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ چینی فوج اپنی تعمیر و تشکیل کے تجربات دیگر افواج کے ساتھ شیئر کرے گی اور مناسب معاونت فراہم کرے گی، ہم مشترکہ مشقوں، عملے کی تربیت، ساز و سامان اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بین الاقوامی تعاون کو وسعت دیں گے۔

چینی وزیرِ دفاع نے کہا کہ اشتعال انگیز کارروائیوں کی ہرگز اجازت نہیں دینی چاہیے، فوجی طاقت مسائل کا حل نہیں نکال سکتی، ظلم اور زبردستی سے تقسیم میں مزید اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ چین دشمنی کے خاتمے کے لیے بطور مستحکم قوت برقرار ہے، عالمی برادری کو متعلقہ فریقین کی خودمختاری اور مرضی کا احترام کرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں مساوی اور منظم ملٹی پولر دنیا کی تعمیر کرنی چاہیے، کثیر الجہتی نظام کی پاسداری کرنی چاہیے، تمام متعلقہ ممالک کے جائز سیکیورٹی خدشات کا خیال رکھنا چاہیے۔