پریانکا چوپڑا کی آمد پر سکھویندر تقریب چھوڑ کر کیوں چلے گئے تھے؟

تصویر سوشل میڈیا۔

شادی کے بعد بالی ووڈ سے ہالی ووڈ جانیوالی بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کی عالمی شہرت یافتہ شخصیت بننے تک کا سفر کئی یادگار لمحات سے بھرپور رہا ہے۔ 

ایسے ہی ایک واقعے کو یاد کرتے ہوئے موسیقار سلیم مرچنٹ نے بتایا کہ ایک موقع پر پریانکا چوپڑا کی آمد نے غیر ارادی طور پر لیجنڈری گلوکار سکھویندر سنگھ سے تقریب کی تمام تر توجہ ہٹا دی، جس پر وہ اتنے دل برداشتہ ہوئے کہ تقریب چھوڑ کر چلے گئے۔

یہ واقعہ اس وقت کا ہے جب پریانکا چوپڑا کوانٹیکو کی کامیابی کے باعث خاصی مقبول ہو رہی تھیں۔ اسی دوران وہ بالی ووڈ میں واپس آئی تھیں اور پرکاش جھا کی فلم ’جے گنگا جل‘ میں مرکزی کردار ادا کیا تھا، جو 2016 میں سینما گھروں کی زینت بنی۔ 

سلیم مرچنٹ نے ایک گفتگو میں بتایا کہ گلوکار، موسیقار اور گیت نگار سکھویندر سنگھ تقریب میں پرفارم کر رہے تھے۔ اس وقت پریانکا کا ’کوانٹیکو‘ کامیابی سے چل رہا تھا۔ وہ تقریب میں کچھ دیر سے پہنچیں۔ سکھویندر گا رہے تھے، لیکن اچانک سب کی توجہ پریانکا کی جانب مبذول ہوگئی۔

یہ فطری بات ہے کہ میڈیا اور دیگر لوگ ان کی طرف متوجہ ہوگئے۔ وہ فلم اسٹار تھیں، لیکن سکھویندر کو یہ صورتحال بہت عجیب سی لگی، اس لیے وہ تقریب سے چلے گئے۔ وہ بہت اداس تھے۔ چنانچہ میں بھی ان کے ساتھ چلا گیا۔

واضح رہے کہ جے گنگا جل 2003 میں ریلیز ہونے والی فلم گنگا جل کا سیکوئل تھا۔ فلم میں پریانکا چوپڑا نے ایک نڈر پولیس افسر کا مرکزی کردار ادا کیا، جبکہ پرکاش جھا نے بھی اس فلم کے ذریعے بطور اداکار اہم کردار ادا کیا۔ فلم کی کاسٹ میں مانو کول اور نیناد کامت بھی نمایاں کرداروں میں تھے۔

جہاں تک پریانکا چوپڑا کے کام کا تعلق ہے تو اب وہ ایس ایس راجامولی کی میگا فلم وارانسی میں مہیش بابو اور پرتھوی راج سوکمارن کے ساتھ نظر آئیں گی۔ 

یہ فلم 2019 کی دی اسکائی از پنک کے بعد بھارتی سنیما میں ان کی بڑی واپسی ہوگی۔ فلم کی عالمی ریلیز 7 اپریل 2027 کو متوقع ہے۔ اس کے علاوہ پریانکا چوپڑا کے آنے والے منصوبوں میں اورلینڈو بلوم کے ساتھ ’ری سیٹ بھی شامل ہے۔