برطانیہ میں پولیس نے ایک منشیات فروش کو انتہائی غیر معمولی طریقے سے گرفتار کر لیا۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق منشیات فروش پولیس سے بچنے کے لیے ایک الماری میں چھپا ہوا تھا لیکن اس کا موبائل فون غلطی سے ایک پبلک وائی فائی سے منسلک ہو گیا تھا اور اس غلطی کی وجہ سے پولیس کو ملزم تک پہنچنے میں مدد مل گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پولیس نے وائی فائی کی مدد سے ملنے والی معلومات کی بنیاد پر کارروائی کی تو ملزم ایک گھر میں موجود الماری کے اندر چھپا ہوا ملا۔
گرفتاری کے بعد ملزم کے موبائل فون کے تجزیے سے انکشاف ہوا کہ اسے روزانہ 100 سے زائد فون کالز موصول ہوتی تھیں جب کہ اس کے فون میں تقریباً 250 منشیات استعمال کرنے والوں پر مشتمل رابطوں کی فہرست موجود تھی۔
پولیس نے ملزم سے کوکین اور ہیروئن برآمد کی، اس منشیات کی مارکیٹ میں مجموعی مالیت تقریباً 8 ہزار 800 پاؤنڈز بتائی گئی ہے۔
اس کے علاوہ تقریباً 8 ہزار پاؤنڈز نقد رقم، 6 موبائل فونز، پستول، 9 ایم ایم کی 13 گولیاں،1 خنجر اور 1 فولڈنگ چاقو بھی برآمد کیا۔