پاکستان، سری لنکا اور بنگلادیش ویمنز انڈر 19 ٹیموں کے درمیان سہ فریقی سیریز کا اعلان کردیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی میچز فارمیٹ پر مشتمل سہ فریقی سیریز کے میچز 2 سے 16 اکتوبر تک فیصل آباد میں کھیلے جائیں گے۔
سیریز میں 10 ٹی ٹوئنٹی میچز اقبال سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جس کےلیے سری لنکا انڈر 19 اسکواڈ 28 جبکہ بنگلادیش انڈر 19 ٹیم 29 ستمبر کو پاکستان پہنچے گی۔
ویمنز انڈر19 ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے سہ فریقی سیریز کا فارمیٹ ٹرپل راؤنڈ روبن رکھا گیا ہے۔ ہر ٹیم چھ ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی، ٹاپ دو ٹیموں کے درمیان 16 اکتوبر کو فائنل ہوگا۔ سیریز میں تمام میچز صبح 10 بجے شروع ہوں گے۔
سیریز کے لیے پاکستان ویمنز انڈر19 کی 20 رکنی ٹیم کا اعلان بھی کردیا گیا ہے۔ فضاء فیاض پاکستان ویمنز انڈر19 ٹیم کی کپتان رہیں گی۔
ٹیم میں بیٹرز قمروش فرحان، پاکیزہ شبیر، ملائکہ سہانی اور آف اسپنر افشین خان کی پہلی مرتبہ سلیکشن ہوئی ہے۔
پاکستان ویمنز انڈر 19 ٹیم بدھ سے بوڑانوالا گراؤنڈ اور اقبال اسٹیڈیم میں ٹریننگ کیمپ کا آغاز کرے گی۔ بنگلادیش اور سری لنکا کی انڈر19 ٹیمیں 29، 30 ستمبر اور یکم اکتوبر کو اقبال اسٹیڈیم میں ٹریننگ کریں گی۔