جماعت اسلامی کے وفد نے وفاقی وزراء علی پرویز ملک، اعظم نذیر تارڑ اور بلال اظہر کیانی سے ملاقات کی۔ جماعت اسلامی کے وفد کی قیادت لیاقت بلوچ نے کی۔
اس حوالے سے اسلام آباد سے جاری اعلامیہ کے مطابق جماعت اسلامی وفد کو پیٹرولیم سیکٹر اور ایندھن کی فراہمی پر بریفنگ دی گئی۔
اعلامیہ کے مطابق وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت نے حالیہ بحران کے دوران ایندھن کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی۔
سرکاری اعلامیہ کے مطابق جماعت اسلامی نے حکومت کے فیول ریلیف اقدامات کا خیرمقدم کیا۔ لیاقت بلوچ نے پیٹرولیم لیوی میں کمی سمیت بنیادی مسائل کےمستقل حل پر زور دیا۔
اعلامیہ کے مطابق 7 روزہ رولنگ ایوریج پر مبنی پیٹرولیم قیمتوں کے نظام پر وفد کو بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت صارفین کے تحفظ اور ایندھن کی دستیابی کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ موٹر سائیکلوں، چنگچی رکشوں اور چھوٹی گاڑیوں کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی دی جا رہی ہے۔
وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ ٹارگٹڈ سبسڈی مستحق طبقات تک ریلیف پہنچانے کا مؤثر ذریعہ ہے، ریفائنریز کی اپ گریڈیشن سے یورو فائیو ایندھن کی پیداوار، پیٹرول و ڈیزل کی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔
علی پرویز ملک نے کہا ریفائنری اپ گریڈیشن سے درآمدی ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات پر انحصار کم ہوگا۔
وفاقی وزیر بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت ٹیکس بیس بڑھانے اور براہ راست ٹیکسوں کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
اعلامیہ کے مطابق وزرا کی جانب سے جماعت اسلامی کی سفارشات وزیراعظم تک پہنچانے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔