پاکستانی اداکارہ و ماڈل سنیتا مارشل نے معاشرے میں شوہروں کے اپنی بیویوں کے ساتھ نامناسب رویے پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ 98 فیصد مرد دوستوں کے سامنے اپنی بیوی کا مذاق اڑاتے ہیں۔
ایک مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے سنیتا مارشل نے کہا ہے کہ بیوی کا مذاق اڑانے کا رویہ ہمارے دیسی معاشرے میں زیادہ پایا جاتا ہے، جبکہ مغربی معاشرے میں ایسا کم دیکھنے کو ملتا ہے۔
اداکارہ نے کہا ہے کہ اگر بیوی سب کے سامنے کوئی مشورہ دے تو شوہر اسی وقت اسے یہ کہہ دیتا ہے کہ اپنے مشورے اپنے پاس رکھو یا تمہیں کچھ نہیں آتا، حالانکہ شوہر بعد میں بھی مناسب انداز میں سمجھا سکتا ہے کہ اس کا مشورہ درست نہیں تھا۔
سنیتا مارشل نے کہا ہے کہ ہمارے معاشرے میں مردوں کی ذہنیت اس طرح بنائی جاتی ہے کہ بیویاں شوہروں سے کمتر ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ بیویاں عموماً شوہروں سے احترام سے ’آپ‘ کہہ کر بات کرتی ہیں، جبکہ شوہر اکثر بیوی کو ’تم‘ کہہ کر مخاطب کرتے ہیں کیونکہ ان کے ذہن میں یہ تصور ہوتا ہے کہ بیوی ان سے چھوٹی ہے۔
اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ اسی ذہنیت کی وجہ سے بعض شوہروں کو لگتا ہے کہ وہ اپنی بیوی کا مذاق اڑا سکتے ہیں۔