کیا امیتابھ بچن ریٹائرمنٹ لے رہے ہیں؟

امیتابھ بچن — فائل فوٹو

بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے اپنے منفرد انداز میں ریٹائرمنٹ سے متعلق زیرِ گردش خبروں پر خاموشی توڑ دی۔

83 سالہ اداکار اس وقت توجہ کا مرکز بن گئے جب ان کی ایک پوسٹ کے بعد یہ تاثر سامنے آیا کہ وہ اداکاری اور ٹی وی پروگرام کی میزبانی سے ریٹائر ہونے کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔

بالی ووڈ کے شہنشاہ نے اپنی ایک پوسٹ میں اخبار کی کٹنگ شیئر کی جس میں اداکار کے ریٹائرمنٹ سے متعلق خبر شائع تھی اور ساتھ ہی انہوں نے اخباری ادارے پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ میں نے بلاگ میں لکھا تھا، ’دیر ہو گئی ہے، ریٹائر ہونے کا وقت آ گیا ہے‘۔

اپنی تازہ پوسٹ میں امیتابھ بچن نے واضح کیا کہ اس کا مطلب تھا کہ دیر ہو گئی ہے، اب سونے کا وقت ہو گیا ہے، دن بھر کے کام کاج سے ریٹائر ہونے کا وقت ہے۔

اداکار نے لکھا کہ میں نے ریٹائر کا لفظ صرف دن بھر کے کام کو ختم کرنے اور سونے کے معنی میں استعمال کیا تھا، نہ کہ اداکاری یا میزبانی سے ریٹائرمنٹ کا اشارہ دینے کے لیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جی نہیں میں کام سے ریٹائر نہیں ہو رہا، انگریزی میں اس کا مطلب ہے کہ میں اب سونے جا رہا ہوں اور وہاں معزز آپ کو آنے کی دعوت نہیں ہے۔

امیتابھ بچن اس وقت کون بنے گا کروڑ پتی کے 18ویں سیزن کی میزبانی کر رہے ہیں، یہ مقبول گیم شو پہلی مرتبہ 2000ء میں نشر ہوا تھا۔