سرجانی ٹاؤن واقعہ، زخمی بچی دوران علاج جاں بحق

کراچی میں سرجانی ٹاؤن میں گھر سے شدید زخمی حالت میں ملنے والی 18 ماہ کی بچی بھی دوران علاج اسپتال میں جاں بحق ہوگئی جبکہ بچی کی والدہ بہن اور بھائی کی لاشیں پہلے ہی گھر سے مل چکیں تھیں۔

سرجانی ٹاؤن سیکٹر 7-D میں گھر سے خاتون اور دو بچوں کی لاشیں برآمد ہوئیں جبکہ ایک بچی شدید زخمی حالت میں ملی جسے طبی امداد کے لیے این آئی سی ایچ اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ دوران علاج دم توڑ گئی۔

پولیس نے مقتولہ کے شوہر کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا، جاں بحق ہونے والوں میں بچوں کی ماں 34 سالہ مہوش، 6 سالہ حرا اور 5 سالہ حنین کے نام سے ہوئی ہے جبکہ 18 ماہ کی بچی اشمیرہ کو شدید زخمی حالت میں طبی امداد کے لیے این آئی سی ایچ اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ دوران علاج دم توڑ گئی۔ 

پولیس کا کہنا ہے کہ ڈنڈے یا کسی آلے کے وار سے 34 سالہ خاتون اور اس کے تین بچوں کو نشانہ بنایا گیا۔

ایس ایس پی ویسٹ طارق الہٰی مستوئی نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تحقیقات کا جائزہ لیا، افسران سے ابتدائی تحقیقات اور شواہد سے متعلق معلومات لی اور واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات کرکے ملزمان کی گرفتاری کی ہدایات کی۔

وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ویسٹ سے فوری اور تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ 

انہوں نے پولیس کو جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کرنے اور حقائق جلد سامنے لانے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سخت نوٹس لیا اور ایڈیشنل آئی جی کراچی سے فوری رپورٹ طلب کرلی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ معصوم بچوں اور خاتون کا قتل انتہائی دردناک اور ناقابلِ برداشت ہے۔ 

انہوں نے پولیس کو واقعے میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مظلوم خاندان کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا۔