لاشوں پر سیاست بانی پی ٹی آئی کا پرانا وتیرہ ہے، عظمیٰ بخاری

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ لاشوں پر سیاست بانی پی ٹی آئی اور اُن کی جماعت کا پرانا وتیرہ ہے۔

لاہور سے جاری بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی کے حامی یوٹیوبرز نے اشتیاق کی موت کے واقعے کو غلط رنگ دیا۔

انہوں نے کہا کہ مرحوم اشتیاق کے بیٹے کا بیان بھی آن ریکارڈ ہے کہ یہ ایک حادثہ تھا، لاشوں پر سیاست بانی پی ٹی آئی اور ان کی جماعت کا پرانا وتیرہ ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ سہیل آفریدی پبلک اسٹنٹ کرتے ہوئے لاہور پہنچے ہیں، انہوں نے جگہ جگہ پنجاب پولیس کے افسران سے بدتمیزی کی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ بتایا جائے کیا کسی صوبے کے چیف ایگزیکٹو کو ایسی حرکتیں زیب دیتی ہیں، موصوف کالا چشمہ لگاکر مرحوم اشتیاق کے گھر پوائنٹ اسکورنگ کرنے پہنچے۔

عظمیٰ بخاری نے یہ بھی کہا کہ سہیل آفریدی کے لاہور پہنچنے پر ان کے کسی کارکن نے استقبال کرنا مناسب نہیں سمجھا، 3 سال سے پی ٹی آئی کا کوئی رہنما مرحوم ظل شاہ کے گھر نہیں گیا۔

انہوں نے کہا کہ کوہاٹ میں آج کوئلے کی کان میں 4 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، سہیل آفریدی کوہاٹ پہنچنے کی بجائے لاہور پہنچ گئے ہیں۔