امیتابھ بچن نے موسیقی سیکھنے کی خواہش کا اظہار کر دیا

امیتابھ بچن—فائل فوٹو

بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے 84 سال کی عمر میں اپنے ایک ایسے خواب کا انکشاف کیا ہے جو وہ اب تک پورا نہیں کر سکے۔

’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کے 18 ویں سیزن کی ایک قسط میں امیدوار سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ مجھے ہمیشہ موسیقی سیکھنے کی شدید خواہش رہی، تاہم میں کبھی اس فن کو سیکھ نہیں سکا۔

امیتابھ بچن نے کہا ہے کہ میرے گھر میں کئی طرح کے موسیقی کے آلات موجود ہیں لیکن مجھے کوئی بھی بجانا نہیں آتا۔

اداکار کے مطابق جب میں گلوکاروں، موسیقاروں اور ستار نوازوں کو بہترین انداز میں فن کا مظاہرہ کرتے دیکھتا ہوں تو مجھے افسوس ہوتا ہے کہ میں نے بھی موسیقی کیوں نہیں سیکھی۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے گھر میں تقریباً ہر قسم کے موسیقی کے آلات جمع کر رکھے ہیں اور ان کو پھولوں اور ہاروں سے سجاتا بھی ہوں، اس امید کے ساتھ کہ ایک دن انہیں بجانا سیکھ لوں گا۔

واضح رہے کہ امیتابھ بچن اپنے فلمی کیریئر کے دوران کئی مقبول گانوں کو اپنی آواز بھی دے چکے ہیں، جن میں ’مائی نیم از انتھونی گونزالیز‘، ’میرے پاس آؤ میرے دوستو‘، ’رنگ برسے بھیگے چنر والی‘، ’نیلا آسمان سو گیا‘ اور ’میرے انگنے میں‘ سمیت دیگر گانے شامل ہیں۔

امیتابھ بچن اس وقت ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کے 18 ویں سیزن کی میزبانی کر رہے ہیں۔