جرمنی کے ٹینس اسٹار الیگزینڈر زیوریف نے یو ایس اوپن کا فائنل جیتنے کے بہت حیران کن ردِعمل دیا جو کہ میڈیا کی خصوصی توجہ کا مرکز بن گیا۔
الیگزینڈر زیوریف نے فائنل میں امریکا کے بین شیلٹن کو شکست دے کر یو ایس اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کیا لیکن جیت کے بعد جشن منانے کے بجائے حیران کن طور پر ان کا معمول کا رویہ برقرار رہا۔
ٹینس اسٹار جیب سے گیند نکال کر اسے دوسری جانب پھینکنے کے بعد کورٹ کے کونے میں اپنی ٹیم کی طرف چل دیے اور ان کے چہرے پر خوشی کے تاثرات بھی نظر نہیں آئے۔
ان کے بھائی مشا زیوریف نے جب دونوں بازو کراس کر کے انہیں اشارہ کیا کہ مقابلہ ختم ہو چکا ہے، تب انہیں حقیقت کا اندازہ ہوا کہ وہ یو ایس اوپن چیمپئن بن چکے ہیں۔
بعد ازاں میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے اُنہوں نے بتایا کہ دراصل مجھے اس بات کا اندازہ ہی نہیں ہوا تھا کہ میچ ختم ہو چکا ہے اور میں یو ایس اوپن جیت چکا ہوں بلکہ میں سمجھ رہا تھا کہ اس وقت اسکور 5-1 ہے جبکہ اسکور 6-2 ہو چُکا تھا۔
الیگزینڈر زیوریف نے کہا کہ اسی غلط فہمی نے مجھے فیصلہ کن گیم میں دباؤ محسوس کرنے سے بھی بچائے رکھا۔
واضح رہے کہ ان کی یہ کامیابی 2026ء میں ان کا دوسرا گرینڈ سلام ٹائٹل ہے، اس سے قبل وہ فرنچ اوپن بھی اپنے نام کر چکے ہیں۔