’کسوٹی زندگی کی‘ کے ’انوراگ‘ کہاں غائب ہیں؟

2000ء کی دہائی کے مشہور اور بلاک بسٹر ڈراما ’کسوٹی زندگی کی‘ کس کو یاد نہیں ہوگا، جس میں ’انوراگ باسو‘ اور ’پیرینا‘ کی جوڑی نے بھارتی و ایشیائی ٹی وی کی دنیا پر تاریخ رقم کی تھی۔

شو میں انوراگ کا مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار سیزان خان نے اس شو کے ذریعے شہرت کی ان بلندیوں کو چھوا جو کم ہی فنکاروں کے حصے میں آتی ہیں۔

سیزان اور شیوتا کی آن اسکرین کیمسٹری نے انہیں ہر گھر کی پسندیدہ جوڑی بنا دیا تھا اور سیزان اس دور میں ٹی وی کے سب سے مہنگے اور مقبول اداکار بن چکے تھے۔

کامیابی کے عروج کے بعد سیزان خان اچانک ٹی وی اسکرین سے غائب ہوگئے اور شوبز سے دوری اختیار کر لی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ بار بار ایک جیسے کردار نہیں کرنا چاہتے تھے اور ذاتی زندگی اور خاندان کو وقت دینا ان کی ترجیح بن گئی تھی۔

سیزان خان آج کل کہاں ہیں؟

طویل عرصے تک اسکرین سے دور رہنے کے بعد سیزان خان نے حال ہی میں کچھ محدود پروجیکٹس کے ذریعے واپسی کی تاہم اب وہ زیادہ تر وقت اپنی نجی زندگی، سفر اور خاندان کے ساتھ گزارنا پسند کرتے ہیں۔ ان کے مطابق وہ پہلے سے کہیں زیادہ پُرسکون زندگی بسر کر رہے ہیں۔