کینیڈا کے سابق وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنے دیرینہ چیف آف اسٹاف کیٹی ٹیلفورڈ کے ساتھ مل کر میڈیا اور انٹرٹینمنٹ پروڈکشن کمپنی قائم کرلی۔
نئی کمپنی کا نام ہوپ اینڈ ہارڈ ورک رکھا گیا ہے، جس کا اعلان جمعے کو لانچ کی گئی ویب سائٹ کے ذریعے کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق کمپنی فلم، ٹیلی ویژن، آڈیو اور براہِ راست تفریحی تجربات کے ذریعے ایسی کہانیاں پیش کرے گی جن کا مقصد لوگوں کے درمیان باہمی سمجھ بوجھ اور روابط کو فروغ دینا ہے۔
کمپنی کا نام اس جملے سے متاثر ہے جسے جسٹن ٹروڈو نے 2013 میں کینیڈا کی لبرل پارٹی کے رہنما بننے کے بعد اپنی تقاریر میں بارہا استعمال کیا۔ وہ 2015 سے 2025 تک وزیراعظم رہنے کے دوران بھی اس جملے کا استعمال کرتے رہے۔
کمپنی کا آغاز ایسے وقت میں ہوا ہے جب ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول جاری ہے، جو جمعرات کو شروع ہوا اور 20 ستمبر تک جاری رہے گا۔
54 سالہ جسٹن ٹروڈو نے حال ہی میں وزیراعظم کا عہدہ چھوڑ دیا تھا، انہوں نے گزشتہ سال جنوری میں لبرل پارٹی کی قیادت سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا تھا۔ پارٹی کے ارکان کی جانب سے بڑھتے ہوئے دباؤ کے بعد انہوں نے یہ فیصلہ کیا، کیونکہ عام انتخابات سے قبل پارٹی کی مقبولیت میں کمی آرہی تھی۔
ٹروڈو کے بعد لبرل پارٹی ہی کے رہنما مارک کارنی نے کینیڈا کے وزیراعظم کا عہدہ سنبھالا۔
حکومت سے علیحدگی کے بعد جسٹن ٹروڈو زیادہ تر عوامی منظرنامے سے دور رہے، تاہم کبھی کبھار عوامی تقریبات میں شرکت کرتے رہے ہیں، ان کے امریکی پاپ گلوکارہ کیٹی پیری کے ساتھ مبینہ تعلقات نے بھی حالیہ عرصے میں توجہ حاصل کی ہے۔