ماہرہ خان کے گھر جلد ننھے مہمان کی آمد متوقع

—فائل فوٹوز

پاکستان کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے اپنی نجی زندگی کے ایک نئے باب کا اعلان کر دیا، اداکارہ کے گھر جلد ننھے مہمان کی آمد متوقع ہے۔

اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا ہے کہ میں دوسری بار ماں بننے والی ہوں۔

ماہرہ خان نے سلیم کریم کے ساتھ ایک خوبصورت تقریب میں شادی کی تھی، جس پر انہیں دنیا بھر سے مداحوں کی جانب سے محبت اور دعائیں موصول ہوئی تھیں۔

اداکارہ کا پہلا بیٹا اذلان خان عسکری بھی اب بڑا ہو چکا ہے اور وہ ہمیشہ اپنی والدہ کی خوشیوں میں ان کا ساتھ دیتا رہا ہے۔

ماہرہ خان نے اپنی حمل کی خبر انسٹاگرام پر ایک خوبصورت تصویر کے ذریعے شیئر کی، جس میں وہ انتہائی دلکش نظر آرہی ہیں۔ 

پوسٹ کے کیپشن میں اداکارہ نے لکھا کہ ہم منصوبے بناتے ہیں لیکن پھر اللّٰہ بہترین منصوبہ بندی کرنے والا ہے۔

خبر سامنے آنے کے بعد مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے انہیں مبارکباد دینے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

اداکارہ مایا علی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ آپ کے لیے بہت خوش ہوں، جبکہ بلال اشرف نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کانگریچولیشنز دوست خان کہا۔

نِدا یاسر اور صبور علی سمیت دیگر شوبز شخصیات نے بھی ماہرہ خان کو آنے والی خوشی پر نیک خواہشات پیش کیں۔