کاؤنٹی لائنز منشیات فروش کو 6 سال قید سنا دی گئی

برطانیہ میں ویسٹ یارکشائر اور نارتھ یارکشائر کے درمیان بڑی مقدار میں ہیروئن اور کریک کوکین سپلائی کرنے والے 23 سالہ شخص کو بریڈفورڈ کراؤن کورٹ نے چھ سال قید کی سزا سنا دی۔

بریڈفورڈ کے لیڈز روڈ کے رہائشی ابوبکر احمد نے منشیات رکھنے اور سپلائی کرنے سمیت متعدد الزامات کا اعتراف کیا تھا۔

پولیس نے 11 جون کو اس کی گرفتاری کے بعد کیگلے کے سلیڈن اسٹریٹ میں ایک پراپرٹی کی تلاشی لی، جہاں سے کریک کوکین، کوکین، ہیروئن، ہتھیار اور نقد رقم برآمد ہوئی۔

پولیس کے مطابق ملزم ’’کھانی لائن‘‘ نامی منشیات نیٹ ورک چلا رہا تھا، جس کے ذریعے 11 فروری سے 11 جون کے دوران تقریباً 2.23 کلوگرام کریک کوکین اور ہیروئن سپلائی کی گئی، جبکہ نیٹ ورک کی مالیت 223,380 پاؤنڈ بتائی گئی ہے۔

اس نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ وہ منشیات کے قرض کے باعث دوسروں کے دباؤ میں تھا، تاہم عدالت نے اس کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے اسے چھ سال قید کی سزا سنا دی۔