سلمان خان کے باڈی گارڈ ’شیرا‘ کے بیٹے کی فلموں میں انٹری کی تیاری

بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کے دیرینہ باڈی گارڈ گرمیت سنگھ جولی عرف ’شیرا‘ کے بیٹے ابیر سنگھ جلد ہی ہندی فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے والے ہیں۔ وہ ٹارزن نامی فلم سے اپنے اداکاری کے کیریئر کا آغاز کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ مطابق ٹارزن میں سورج پنچولی بھی جلوہ گر ہوں گے۔ فی الوقت اس پروجیکٹ کے بارے میں محدود معلومات ہی سامنے آئی ہیں اور یہ واضح نہیں ہو سکا کہ سلمان خان اس فلم کو پروڈیوس کریں گے یا کسی اور طریقے سے اس سے منسلک ہوں گے۔

سلمان خان کی جانب سے شیرا کے بیٹے کو لانچ کرنے کی خبریں سب سے پہلے 2022 میں سامنے آئی تھیں۔ اس وقت یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ بالی ووڈ سپر اسٹار خود ذاتی طور پر ابیر کی پہلی فلم کی تیاریوں میں دلچسپی لے رہے ہیں۔

اب تازہ ترین رپورٹ نے ایک بار پھر ابیر کے بالی ووڈ منصوبوں کو توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ انہیں ٹارزن میں کاسٹ کر لیا گیا ہے، تاہم ہدایت کار، پروڈکشن بینر اور دیگر اداکاروں سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔

سورج پنچولی کی کاسٹنگ کی خبروں نے ایک بار پھر اس معاملے کو سلمان خان سے جوڑ دیا ہے۔ سورج نے 2015 میں رومانی ایکشن فلم ’ہیرو‘ سے اپنے بالی ووڈ کیریئر کا آغاز کیا تھا، جسے سلمان خان نے پروڈیوس کیا تھا۔

سلمان خان نے گزشتہ برسوں کے دوران ہندی سنیما میں متعدد نئے اداکاروں کو متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

سوناكشی سنہا نے ’دبنگ‘ میں سلمان خان کے مقابل اپنے بالی ووڈ کیریئر کا آغاز کیا تھا، جبکہ زرین خان کو فلم ’ویر‘ کے ذریعے متعارف کرایا گیا۔ ڈیزی شاہ نے ’جے ہو‘ کے ذریعے بطور مرکزی اداکارہ قدم رکھا اور سائی منجریکر نے ’دبنگ 3‘ سے ہندی فلموں میں انٹری دی تھی۔

سلمان خان کے پروڈکشن ہاؤس نے ’لو یاتری‘ فلم کے ذریعے ورینا حسین اور اپنے بہنوئی ایوش شرما کو بھی لانچ کیا۔ اسی طرح سورج پنچولی اور اتھیا شیٹی کو بھی سلمان خان فلمز کے بینر تلے بننے والی فلم ’ہیرو‘ کے ذریعے متعارف کرایا گیا تھا۔