بالی ووڈ کے معروف موسیقار امال ملک اور اُن کے بھائی ارمان ملک کا سلمان خان فلمز اور ٹرولز کے ساتھ کریڈٹ نہ دیے جانے پر تنازع کھڑا ہوگیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق تنازع اُس وقت شروع ہوا، جب سلمان خان فلمز نے 2015ء کی فلم ہیرو کے 11 سال مکمل ہونے پر ایک پوسٹ شیئر کی۔
اس پوسٹ کے ساتھ فلم کے گانے ’میں ہوں ہیرو تیرا‘ بھی لنک تھا، جس کے کیپشن میں اصل خالق امال ملک اور نغمہ نگار کمار کا نام شامل نہیں تھا۔
امال نے اس پر سخت احتجاج کرتے ہوئے پیج انتظامیہ کو غیر ذمہ دارانہ رویے پر آڑے ہاتھوں لیا، جس کے بعد پوسٹ کو ایڈٹ کرکے ان کا نام شامل کیا گیا۔
اس کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے دونوں گلوکار بھائیوں پر سلمان خان فلمز سے متعلق نا شکری پر مبنی رویے پر تنقید کی۔
بھائی کی حمایت میں ارمان ملک سامنے آئے اور ٹرولرز کو منہ توڑ جواب دیا اور کہا کہ ہمیں احسان مندی کا درس مت دو، شکرگزاری کا مطلب یہ نہیں کہ انسان اپنے جائز حق اور محنت کا کریڈٹ کےلیے بھی آواز نہ اٹھائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنے کیرئیر کے آغاز سے ہی شکر گزار ہیں لیکن اس مقام تک پہنچنے کےلیے سخت محنت کی ہے اور اپنے حق میں آواز اٹھانا ضروری ہے۔
امال ملک ڈبو ملک کے بیٹے اور گلوکار انور ملک کے بھتیجے ہیں،جنہوں نے سلمان خان کی فلم ’جے ہو‘ سے 2014ء میں اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز کیا تھا۔