فوجی طیارے کے ڈیٹا کے باعث برطانیہ کا فضائی ٹریفک نظام تعطل کا شکار ہوا، رپورٹ

—فائل فوٹو

برطانیہ میں کئی روز تک پروازوں کے نظام میں معطلی کی ممکنہ وجہ سامنے آگئی۔

فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مظابق ذرائع نے بتایا ہے کہ برطانوی فوجی طیارے کی جانب سے جمع کرایا گیا فلائٹ پلان ایسے واقعات کا سبب بنا، جن کے نتیجے میں منگل کو کئی گھنٹوں کے لیے برطانیہ کی فضائی حدود میں پروازوں کا نظام تقریباً مفلوج ہوگیا تھا۔

ذرائع کے مطابق فوجی طیارے کی جانب سے درج کیے گئے ڈیٹا کے باعث وسیع تر فضائی ٹریفک کنٹرول نظام میں خرابی پیدا ہوئی، جسے بحال کرنے میں کئی گھنٹے لگے اور نظام کو دوبارہ چلانے کے لیے متعدد کوششیں کرنا پڑیں۔

برطانیہ کی نیشنل ایئر ٹریفک سروسز (NATS) نے ابتدائی طور پر اس مسئلے کو تکنیکی خرابی قرار دیا تھا۔

اس سے قبل این اے ٹی ایس کے سربراہ مارٹن رولف نے منگل سے جمعے تک فضائی ٹریفک میں درپیش شدید خلل کے باعث مسافروں سے معذرت کی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ کی سول ایوی ایشن اتھارٹی اس معاملے کی آزادانہ تحقیقات کر کے 6 ماہ میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔