ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اینی میٹڈ سیریز دی سمپسنز کی تصویر شیئر کر کے امریکا پر طنز کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں ان کا کہنا ہے کہ امریکا آبنائے ہرمز کے ذریعے تجارتی جہاز رانی میں خلل ڈال رہا اور اس کا الزام ایران پر عائد کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
اسماعیل بقائی نے اپنی پوسٹ میں کہا ہے کہ امریکا و اسرائیل کے 28 فروری کو ہونے والے حملے سے پہلے آبنائے ہرمز مکمل کُھلی ہوئی تھی۔
انہوں نے واشنگٹن پر خطے میں ایک غیر قانونی اور وحشیانہ جنگ مسلط کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی جنگ کے نتیجے میں تجارتی جہاز رانی کا نظام متاثر ہوا ہے اور توانائی کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔
ترجمان ایرانیِ وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ اب امریکا دنیا کے سامنے اپنے ہی پیدا کردہ خلل کا الزام ایران پر عائد کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور توقع کرتا ہے کہ اس کی شروع کی گئی جنگ کی ادائیگی پوری دنیا کرے۔
اسماعیل بقائی نے اپنی پوسٹ میں امریکی اینی میٹڈ سیریز دی سمپسنز کی ایک تصویر بھی شیئر کی ہے، جس میں اس کے کرداروں ہومر اور بارٹ کو پھیلتی ہوئی آگ کے پاس کھڑے دکھایا گیا ہے۔
تصویر میں بارٹ کہتا ہے کہ پریشان نہ ہوں، یہ آگ قابو میں رکھی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا نے جنگ شروع کی، لیکن چاہتا ہے کہ پوری دنیا اس کی قیمت ادا کرے جبکہ ایران کو اس افراتفری کا ذمے دار ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اسماعیل بقائی نے آبنائے ہرمز میں خلل کا ذمے دار ایران کو قرار دینے کے واشنگٹن کے مؤقف کو انتہائی مضحکہ خیز قرار دیا ہے۔