پائلٹ نے دورانِ پرواز طبیعت خراب ہونے پر دوحہ سے بنگلورو جانے والے بھارتی نجی ایئر لائن کے طیارے کا رُخ مسقط موڑ دیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق پرواز آج صبح دوحہ سے بنگلورو جا رہی تھی کہ پائلٹ کو فوری طبی امداد کی ضرورت پیش آئی۔
طیارے کو باحفاظت مسقط اتارا گیا جہاں طبی عملے نے پائلٹ کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بعد ازاں اسے اسپتال منتقل کیا۔
ایئر لائن کے مطابق پائلٹ کی حالت اب بہتر ہے، مسافروں کو ان کی منزل تک پہنچانے کے لیے انڈیگو نے متبادل طیارے اور نئے عملے کا انتظام کیا ہے، بنگلورو سے ایک امدادی پرواز مسقط بھیجی جا رہی ہے جو مسافروں کو بنگلورو پہنچائے گی۔
ایئر لائن کا کہنا ہے کہ مسقط میں انتظار کرنے والے مسافروں کو کھانے پینے کی اشیاء فراہم کی جا رہی ہیں اور انہیں پرواز سے متعلق باقاعدگی سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔
ایئر لائن نے مسافروں کو پیش آنے والی زحمت پر معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسافروں، عملے اور طیارے کی حفاظت ہماری کی اولین ترجیح ہے۔