اداکار جمال شاہ نے سابقہ اہلیہ و اداکارہ فریال گوہر کے الزامات کی تردید کردی۔
ایک بیان میں جمال شاہ نے فریال گول کے گھریلو تشدد اور بیلٹ سے مار پیٹ سے متعلق الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فریال گوہر سے میری شادی 1984 میں ہوئی، جو 1989ء تک رہی، میں نے سابقہ اہلیہ پر کبھی کسی قسم کا تشدد، مارپیٹ یا زیادتی نہیں کی۔
اداکار نے مزید کہا کہ حمل ضائع ہونے کا واقعہ کتے کے کاٹنے کی وجہ سے پیش آیا تھا جبکہ دونوں کے درمیان طلاق باہمی رضامندی سے ہوئی تھی۔
جمال شاہ نے یہ بھی کہا کہ طلاق کے کافی عرصہ تک علیحدگی سے متعلق میڈیا پر ذکر ہی نہیں کیا گیا، اب بھی میری زبان سے فریال گوہر سے متعلق کوئی غلط لفظ نہیں نکلے گا۔
حالیہ انٹرویو میں فریال گوہر نے الزام عائد کیا تھا کہ شادی کے بعد انہیں تکلیف دہ حالات کا سامنا کرنا پڑا تھا، جمال شاہ کی جانب سے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جاتا تھا ، بیلٹ سے مارا پیٹا جاتا تھا ، تشدد کے ایک واقعے میں ان کا حمل بھی ضائع ہوگیا تھا۔