ممبئی ہائی کورٹ نے آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی سابق منیجر دیشا سالیان کی موت کے معاملے میں مرکزی تفتیشی بیورو کو ایف آئی آر درج کر کے جامع تحقیقات کا حکم دے دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عدالت نے یہ حکم دیشا سالیان کے والد ستیش سالیان کی جانب سے دائر درخواست پر دیا ہے جس میں ممبئی پولیس کی جانب سے تحقیقات میں مبینہ غفلت کی نشاندہی کی گئی تھی۔
عدالت نے سینٹرل بیورو آف انویسٹیگیشن کو ہدایت کی ہے کہ دیشا کے والد کا بیان ریکارڈ کیا جائے، محکمہ ایف آئی آر درج کرے اور تحقیقات کے لیے ایک سینئر افسر مقرر کرے۔
پولیس کو کیس سے متعلق تمام ریکارڈ مرکزی تفتیشی بیورو کے حوالے کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
عدالت نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی شخص کو اس وقت تک ملزم قرار نہیں دیا جائے گا جب تک تفتیشی افسر کے سامنے اس کے خلاف کافی شواہد موجود نہ ہوں، شواہد ملنے کی صورت میں متعلقہ فرد یا افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ دیشا سالیان 8 جون 2020ء کو ممبئی کے علاقے مالوانی میں جبکہ چند روز بعد ہی سشانت سنگھ راجپوت بھی ممبئی کے علاقے باندرہ میں اپنے فلیٹ میں مردہ پائے گئے تھے۔