ہالینڈ میں رحمت للعالمین ﷺ کی ولادتِ باسعادت، عیدِ میلاد النبی ﷺ کے موقع پر مساجد میں شاندار تقریبات کا انعقاد کیا گیا، منہاج القرآن دی ہیگ کے مرکز میں بھی 12 دن متواتر تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔
12 ربیع الاوّل کے موقع پر سرکارِ سیدالانبیاء ﷺ کی ولادت کی خوشی میں بڑے جشن کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب کا آغاز حافظ عبدالصمد مہروی نے تلاوتِ قرآن پاک سے کیا جبکہ میزبانی کے فرائض علامہ یاسر نسیم نے انجام دیے اور سرکارِ مدینہ ﷺ کی بارگاہ میں شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔
بین الاقوامی شہرت یافتہ نعت خواں شہباز قمر آفریدی نے نہایت شاندار نعت خوانی کر کے محفل کو نورانی بنا دیا اور سامعین سے بھرپور داد حاصل کی۔
فرانس سے آئے معروف عالمِ دین علامہ حسن میر قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ﷺ تمام جہانوں کے لیے رحمت للعالمین بن کر تشریف لائے۔
انہوں نے نعتِ رسول ﷺ کے فیوض و برکات اور کردار میں خوشبوئے رسول ﷺ پیدا کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
روٹرڈیم سے آئے عالمِ دین علامہ احمد رضا قادری نے بھی سیرت النبی ﷺ پر خطاب کیا۔
مقامی نعت خواں بلبلِ باغِ رسالت حاجی محمد صادق بٹ نے خوش الحانی سے حسنین کریمین کے نانا ﷺ کی بارگاہ میں سلام پیش کیا جبکہ حاجی محمد سعید مہر اور دیگر مقامی نعت خوانوں نے بھی نعتیہ گلہائے عقیدت پیش کیے۔
تقریب میں سیکڑوں عاشقانِ رسول ﷺ نے اپنے خاندان کے ہمراہ شرکت کی، اس موقع پر علمائے کرام اور حاضرین نے مل کر کیک بھی کاٹا۔