پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ ڈاکٹر فیصل سلطان نے ایسی کوئی بات نہیں کی جو عدالتی حکم کے منافی ہو۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کے دوران سلمان اکرم راجا نے کہا کہ عدالت میں کہا کہ طبی رپورٹ ڈاکٹر اور بانی پی ٹی آئی کے اہل خانہ تک محدود ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ کسی قیدی کے حالات وہی ہیں، جو بانی پی ٹی آئی کے ہیں، تو نجی اسپتال منتقلی کا حق ہے، کیا کسی اور قیدی کے ساتھ ایسا کیا گیا کہ 10 ماہ سے ملاقات نہ کرائی گئی ہو۔
پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا 2 دسمبر کے بعد خاندان سے رابطہ منقطع کیا گیا، صحت سے متعلق خدشات ہیں۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست پی ٹی آئی کی جانب سے دائر نہیں کی گئی ہے بلکہ یہ درخواست ڈاکٹر عظمیٰ خان کی طرف سے دائرکی گئی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ بانی تحریک انصاف کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ کے وکیل عزیر بھنڈاری نے کہا کہ یہ ڈاکٹر عظمیٰ اور ان کی مرضی ہے کہ توہین عدالت کی درخواست میں کس کو فریق بنانا ہے اور کس کو نہیں۔
سلمان اکرم راجا نے یہ بھی کہاکہ وزیر داخلہ محسن نقوی کے خلاف توہین عدالت کے ثبوت ان کے پاس نہیں ہیں، اس لیے انہیں توہین عدالت کی پٹیشن میں فریق نہیں بنایا گیا۔