پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف نے کبھی بھی ڈیفنس فورسز سے متعلق قوانین کو متنازع نہیں بنایا۔
اسلام آباد میں پارلیمانی راہداری میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ پاکستان کا دفاع مضبوط نہ ہو، ڈیفنس فورسز ایکٹ کا معاملہ ٹیکنیکل نوعیت کا ہے ہمارے ساتھ کچھ بات نہیں کی گئی۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عوام کو بھی نہیں پتہ کہ کیا قانون سازی کی جا رہی ہے، میں نے پہلے بھی مطالبہ کیا تھا کہ جو قانون سازی کرتے ہیں اس کو پہلے پارلیمان میں لائیں۔
انہوں نے کہا کہ کوئی قانون سازی ہو تو اسے پہلے ممبرانِ اسمبلی کے سامنے رکھا جائے اور بحث کی جائے، جو کچھ آپ ایکٹ میں ڈالتے ہیں اس کو پارلیمان کے سامنے رکھا جائے۔
بیرسٹر گوہر نے یہ بھی کہا کہ یہ ٹیکنیکل نوعیت کا معاملہ ہے، پاکستان ہمارا ہے، پاک فوج ہماری ہے۔