پاکستانی یوٹیوبر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر رجب بٹ نے انٹرنیٹ پر اپنی دولت اور مہنگی اشیاء کی نمائش کرنے کی وجہ بتا دی۔
رجب بٹ اپنے کنٹینٹ سے زیادہ تنازعات، جھگڑوں، قانونی معاملات اور نجی زندگی سے متعلق خبروں کے باعث اکثر سوشل میڈیا پر زیرِ بحث رہتے ہیں، حال ہی میں انہوں نے ایک انٹرویو میں اپنے گرد جاری مختلف تنازعات اور دیگر معاملات پر گفتگو کی۔
رجب بٹ اپنی دولت کی نمائش کے حوالے سے بھی جانے جاتے ہیں، حال ہی میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ میں ارب پتی ہوں اور میں نے یوٹیوب سمیت مختلف کاروباری سرگرمیوں کے ذریعے دولت کمائی ہے۔
انٹرویو کے دوران رجب بٹ سے سوال کیا گیا کہ وہ اپنی دولت اور مہنگی اشیاء سوشل میڈیا پر بار بار کیوں دکھاتے ہیں اور انہیں نجی رکھنے کے بجائے عوام کے سامنے کیوں لاتے ہیں؟
اس پر رجب بٹ نے کہا کہ اگر میں بطور یوٹیوبر 5 کروڑ روپے کی گاڑی خریدتا ہوں تو اس پر وی لاگ ضرور بناؤں گا، کنٹینٹ کری ایٹرز کسی تقریب، حتیٰ کہ سالگرہ کی تقریب کو بھی نہیں چھوڑتے اور اس سے بھی کنٹینٹ بنا لیتے ہیں۔
رجب بٹ کا کہنا ہے کہ میں بھی یہی کرتا ہوں اور اپنی ویڈیوز کو دلچسپ بنانے کے لیے اپنی مہنگی اشیاء اور طرزِ زندگی دکھاتا ہوں۔
انہوں نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر دولت کی نمائش کا مقصد بنیادی طور پر میرے کنٹینٹ کا حصہ ہے، کیونکہ بطور کنٹینٹ کری ایٹر ہمیں اپنی ویڈیوز میں ایسی چیزیں شامل کرنا پڑتی ہیں جو ناظرین کی توجہ حاصل کر سکیں۔