مانچسٹر میں پاکستانی کمیونٹی نے پاکستان کا یومِ آزادی قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا۔ برطانیہ کی فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔
اس موقع پر مانچسٹر میں بڑی تعداد میں نوجوان کری مال وِلمزلو روڈ پر نکل آئے اور انھوں نے یوم آزادی کا جشن قومی نغموں اور ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعروں کے ساتھ بھرپور طریقے سے منایا۔
یوم آزادی کے سلسلہ میں مختلف تنظیموں کی جانب سے خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا، سب سے بڑی تقریب قونصلیٹ جنرل آف پاکستان مانچسٹر میں ہوئی جس کی میزبانی قونصل جنرل امتیاز فیروز گوندل نے کی۔
تقریب میں ایم پی افضل خان، ایم پی عدنان خان، ایم پی یاسمین قریشی، لارڈ میئر مانچسٹر شوکت علی، معروف کاروباری شخصیت طارق غنی، فادر فلک شیر، چوہدری طاہر صدیق، چوہدری مسرت، عبدالغفار، ڈاکٹر یونس پرویز، یاسمین ڈار، معروف پاکستانی اینکر سہیل وڑائچ، سجاد کریم، کونسلر محمد نعیم، عب مواز اکبر، تجمل گرمانی سمیت بڑی تعداد میں کاروباری، سماجی رہنما، مقامی کونسلر اور کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد پرچم کشائی کی گئی اور قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ شرکاء نے رنگا رنگ لباس زیب تن کیے ہوئے تھے، جبکہ مختلف ثقافتی اسٹالز بھی لگائے گئے اور مہمانوں کی تواضع کی گئی۔
پاکستان کے یوم آزادی پر کمیونٹی رہنما سنئیر اکائونٹنٹ راسب خان نے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا جس کے دوران جشن آزادی کا کیک کاٹا گیا اور فضا میں غبارے چھوڑے گئے۔
راسب خان نے کہا پاکستان عظیم ملک ہے اور ہمیں پاکستان کی ترقی کے لئے مثبت کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔
یوم آزادی کے موقع پر پاکستانی کمیونٹی سنٹر مانچسٹر میں سالانہ استحکام پاکستان کانفرنس اور مشاعرہ ہوا جس میں المصطفی ویلفئیر ٹرسٹ کے چئیرمین عبدالرزاق ساجد، سہیل وڑائچ، سید لخت حسنین، صابر رضا، طاہر چودھری، منصور آفاق سمیت دیگر نے خطاب کیا جبکہ شعرا نے یوم پاکستان کے حوالے سے کلام پیش کیا۔
عبدالرزاق ساجد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قیام پاکستان کے وقت ہمارے لیڈر قائداعظم، لیاقت علی خان، عبدالرب نشتر، مولانا عبدالستار خان نیازی جیسے عظیم رہنما تھے لیکن موجودہ سیاست دان تعلیم، قومی شعور اور حب الوطنی سے محروم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میری ماں دھرتی ہے، ہماری ماں زخمی ہے بلوچستان، کشمیر اور خیبر پختونخوا میں کوئی ملک دشمن نہیں، حکمران ہوش کے ناخن لیں اور کوئی نیا بنگلہ دیش نہ بنائیں۔ پاکستان نفاذ اسلام کے لئے بنایا گیا تھا قوم اس کی منتظر ہے۔ ہماری نئی نسل کو پاکستان کے لئے اہم کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔
قونصلیٹ جنرل پاکستان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی افضل خان نے کہا کہ وہ اس شاندار تقریب پر قونصل جنرل کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کی آزادی کے لیے قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے۔ انھوں نے اپنے والد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد نے برطانوی فوج اور بعد ازاں پاکستانی فوج میں خدمات انجام دیں اور تین جنگوں میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لئے لاکھوں افراد نے قربانیاں دیں۔
افضل خان نے کہا کہ برصغیر کے لوگوں نے برطانیہ کے شانہ بشانہ دونوں عالمی جنگوں میں اہم کردار ادا کیا اور ان کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ پاکستانی کمیونٹی زندگی کے مختلف شعبوں میں ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نفرت کے بجائے محبت اور مثبت پیغام کو فروغ دینا ہماری اقدار کا حصہ ہونا چاہیے۔برٹش پاکستانی دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
افضل خان نے کہا کہ پاکستان نےدنیا میں امن کے لیے مثبت کردار ادا کیا ہے۔ انھوں نے سعودی عرب، ترکی اور پاکستان کے درمیان ’’مکہ معاہدے‘‘ کو اہم پیش رفت قرار دیا اور کہا کہ مستقبل میں مکہ معاہدے کے مثبت اثرات ہوں گے۔
آخر میں انہوں نے پاکستان کی آزادی کی سالگرہ پر پاکستانی قوم اور کمیونٹی کو مبارکباد دیتے ہوئے ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کا نعرہ لگایا۔