بیوی سے ادرک و لہسن کی بو سے متعلق متنازع بیان دینے والے پاکستانی معروف اداکار شہود علوی نے اپنے بیان سے یوٹرن لے لیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکار نے اپنے متنازع بیان پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ یہ میرے خیالات نہیں ہیں، میری بات کو ویوز کی خاطر سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔
حالیہ متنازع بیان کے بعد اداکار کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد اب انہوں نے واضح کیا کہ نجی ٹی وی کے پروگرام میں ایک کالر نے سوال کیا تھا، جس پر پروگرام میں شریک تمام مہمانوں نے تبصرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ میری بات کا اصل مقصد کچھ اور تھا، اس کا میرے ذاتی نظریات سے کوئی تعلق نہیں میں خواتین کی خودمختاری پر یقین رکھتا ہوں اور اپنی اہلیہ اور بیٹیوں کی خودمختاری اور ان کی حمایت بھی کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنی اہلیہ کی تمام ضروریات کا خیال رکھتا ہوں اور انہوں نے جو کچھ میرے لیے کیا ہے اس کی قدر بھی کرتا ہوں۔
اداکار نے اپنی پوسٹ کے اختتام پر ویوز کی خاطر کسی کی شخصیت پر کیچڑ اچھالنے والوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔