سینٹرل لندن میں غیر سماجی اور خطرناک ڈرائیونگ کرنے والے ڈرائیورز کی 8 ملین پاؤنڈ سے زائد مالیت کی 90 گاڑیاں ضبط کر لی گئیں، جن میں بیش قیمت 3.7 ملین پاؤنڈ کی فیراری مونزا بھی شامل ہے۔
میٹ پولیس نے موٹر انشوررز بیورو کی معاونت سے 7 سے 9 اگست کے درمیان ہائیڈ پارک، کینزنگٹن اور چیلسی کے علاقوں میں بغیر انشورنس، غیر سماجی اور خطرناک ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف آپریشن کیا۔
ضبط کی جانے والی سب سے مہنگی کار فیراری مونزا ایک دن پہلے ہی برطانیہ آئی تھی اور ڈرائیور کو صرف آدھے گھنٹہ پہلے ملی تھی، پولیس نے کار کو روکا تو ڈرائیور کے پاس صرف عارضی لائسنس تھا اور انشورنس بھی نہیں تھی۔
اٹالین برانڈ کی یہ کار صرف 499 کاروں میں سے ایک ہے اور ایسی ہی ایک کار رواں برس کے آغاز میں نیلامی میں 3.7 ملین پاؤنڈ کی فروخت ہوئی تھی۔
پولیس نے کارروائی کے دوران غیر سماجی رویوں میں ملوث ڈرائیوروں کو صرف وارننگ دینے کے بجائے گاڑی ضبط کرنے کے لیے نئے اختیارات استعمال کیے۔
آپریشن کی قیادت کرنے والے اسپیشل چیف انسپیکٹر جیک ٹاٹ مین نے کہا کہ مقامی افراد غیر سماجی ڈرائیونگ سے تنگ ہیں اور آپریشن واضح پیغام ہے کہ پولیس لاپرواہ اور خطرناک رویہ برداشت نہیں کرے گی۔
پولیس کے مطابق برطانیہ میں ہر ہفتے 1 شخص بغیر انشورنس گاڑی چلانے والے ڈرائیورز کے ہاتھوں ہلاک ہوتا ہے، کارروائی کے دوران بعض ڈرائیورز سے ڈیڑھ ہزار پاؤنڈ کی نقد رقم، 19 بینک کارڈز اور منشیات بھی برآمد ہوئیں۔